پٹنہ، 19؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے جموں و کشمیر کے اڑ ی سیکٹر میں گزشتہ کل ہوئے دہشت گرد انہ حملے میں شہید ہونے والے ریاست کے تین جوانوں کے خاندانوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی معاوضہ رقم دینے کا آج اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی نے بہار رجمنٹ کے ان تینوں شہیدوں کو مکمل سرکاری اعزاز دینے کا بھی اعلان کیا۔ان شہید فوجیوں میں گیا کے رہنے والے ایس کے ودیارتھی ، کیمور کے راکیش سنگھ اور بھوجپور ضلع میں آر ہ کے رہنے والے اشوک کمار سنگھ شامل ہے۔وزیر اعلی نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ کیمور اور گیا ضلع کے انچارج وزیر بالترتیب راکیش سنگھ اور ایس کے ودیارتھی کی آخری رسوم میں موجود رہیں گے۔آرہ میں اشوک کمار سنگھ کی آخری رسوم میں وزیر صنعت جے کمار سنگھ موجود رہیں گے۔کمار نے دہشت گردانہ حملے میں کل 17جوانوں کے شہید ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کیاتھا ۔وزیر اعلی نے کہاکہ ملک ہمیشہ ان کی شہادت کو یاد رکھے گا۔انہوں نے بھگوان سے شہید فوجیوں کے اہل خانہ کو اس مصیبت کی اس گھڑی کو برداشت کرنے کی طاقت دینے کی دعا کی اور کہا کہ پوری ریاست اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔